پٹنہ،10؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مجاہد آزادی اور سماج وادی لیڈر رام اقبال ورسی کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہو گیا۔ان کے بیٹے شیو جی سنگھ نے بتایا کہ 94سالہ ورسی نے اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمس )میں علی الصبح تقریبا ساڑھے تین بجے آخری سانس لی۔ان کے خاندان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ سماج وادی لیڈر رام منوہر لوہیا نے انہیں ’’گاندھی آف پیرو‘‘کی ڈگری دی تھی۔بہار کے بھوجپور ضلع کے تراری پرکھانڈ میں ورسی گاؤں کے رہائشی سماج وادی لیڈر 1969-72تک پیرو کی تنظیم سوشلسٹ پارٹی کے ممبر اسمبلی تھے۔ان کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات اداکی جائیں گی۔ایک بیان میں کمار نے لوہیا کی طرف سے ورسی کو ڈگری دئے جانے کو یاد کیا اور کہا کہ بہار میں سماجوادی تحریک کو فروغ دینے میں ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کے انتقال سے سیاست کے میدان میں ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ورسی کو کچھ دن پہلے ایمس میں بھرتی کرایا گیا تھا اور کمار اور آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد ان کو دیکھنے ہسپتال گئے تھے۔